سوال نمبر 1: صحت نماز کے لیے کتنی شرطیں ہیں؟جواب :صحت نماز کی چھ شرطیں ہیں:
۱۔ نجاست حکمیہ اور حقیقیہ سے نمازی کے بدن کا پاک ہونا ۲۔ نجاست حقیقیہ سے نماز کے کپڑوں اور جگہ کا پاک ہونا ۳۔ ستر عورت ۴۔ استقبال قبلہ ۵۔ وقت ۶۔ نیت۔
سوال نمبر 2: کس قدر نجاست سے کپڑوں کا پاک ہونا شرط ہے؟جواب :شرطِ نماز اس قدر نجاست سے پاک ہونا ہے کہ بغیر پاک کئے نماز ہوگی ہی نہیں۔ نجاست غلیظہ درہم سے زیادہ اور خفیفہ کپڑے یا بدن کے اس حصہ کی چوتھائی سے زیادہ جس میں لگی ہو اس کا نام نجاست قدر مانع ہے۔ سوال نمبر 3: نماز کے لیے کتنی جگہ کا پاک ہونا شرط ہے؟جواب :جس جگہ نماز پڑھے اس کے پاک ہونے سے مرادیہ ہے کہ نماز پڑھنے والے کے دونوں قدموں اور سجدہ کرنے کی حالت میں دونوں گھٹنوں اور ہاتھوں اور سجد کی جگہ پاک ہو۔ سوال نمبر 4: جس جگہ پر کوئی کپڑا بچھا کر نماز پڑھی تو ہوگی یا نہیں؟جواب :کپڑااگر دبیز (موٹا) اور اسے نجاست کی جگہ پر بچا کر نما ز پڑھی اور اس نجاست کی رنگت یا بو محسوس نہ ہو تو نماز ہو جائے گی اور اگر نجس جگہ پر اتنا باریک کپڑا بچھا کر نماز پڑھی کہ اس کے نیچے کی چیز جھلکتی ہو تو نماز نہ ہوگی۔ سوال نمبر 5: دوتہ کا کپڑا ہو اور ایک تہ نجس ہو جائے تو اس پر نماز پڑھ سکتے ہیںیا نہیں؟جواب :اگر دونوں تہ ملا کرسی دیا ہو تو دوسری تہ پر بھی نماز جائز نہیں ہے اور اگر سلے نہ ہوں تو جائز ہے۔ سوال نمبر 6: لکڑی کے نجس تختے پر نماز ہوگی یا نہیں؟جواب :لکڑی کا تختہ اگر ایک طرف سے نجس ہو گیا تو اگر اتنا موٹا ہے کہ موٹائی میں چر سکے۔ تو لوٹ کر اس پر نماز پرھ سکتے ہیں ورنہ نہیں۔ سوال نمبر 7: گوبر سے لیسی ہوئی زمین پر نماز جائز ہے یا نہیں؟جواب :جو زمین گوبر سے لیسی گئی اگر چہ سوکھ گئی ہو اس پر نماز جائز نہیں ہاں اگر وہ سکھ گئی اور اس پر کوئی موٹا کپڑا بچھا لیا تو اس کپڑے پر نماز پڑھ سکتے ہیں۔